امریکی صدر کا ستمبر میں پاکستان آنے کا امکان، تیاریاں شروع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ستمبر کے تیسرے ہفتے میں ایشیائی ممالک کے اہم دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس میں ان کا پاکستان، بھارت اور چین جانا متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ دورہ خطے میں بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل اہمیت کے پیش نظر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا۔

 اگر صدر ٹرمپ پاکستان کا دورہ کرتے ہیں تو یہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے بعد کسی بھی امریکی صدر کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز متوقع ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور امریکہ اس ممکنہ دورے کے سلسلے میں مکمل رابطے میں ہیں اور سفارتی سطح پر رابطوں میں تیزی آ چکی ہے۔

امریکی صدر کے مجوزہ دورے کے دوران ان کی پاکستان کے اعلیٰ عسکری اور سول حکام سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، جہاں دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون، علاقائی امن و استحکام، افغانستان کی صورتحال اور اقتصادی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ادھر واشنگٹن میں بھی سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ستمبر کے تیسرے ہفتے میں ایشیا کے تین بڑے ممالک — پاکستان، بھارت اور چین — کا دورہ صدر ٹرمپ کے ایجنڈے پر موجود ہے، جس کی تفصیلات جلد طے کی جائیں گی۔

امریکی صدر کے ممکنہ دورے کو پاکستان میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہت پیدا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں