(کوئٹہ ( اولس نیوز کوئٹہ: بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن امتحانات محترمہ عابدہ کاکڑ کے خلاف کرپشن کے الزامات پر باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ آفیشل آرڈر کے مطابق، الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک ان سے چارج واپس لے کر ایڈیشنل کنٹرولر نور احمد کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گزشتہ روز مبینہ طور پر عابدہ کاکڑ نے نتائج میں بعض بے ضابطگیوں پر اعتراض اٹھایا اور مبینہ طور پر رزلٹ پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ ان کے مؤقف کے بعد ہی ان پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے، جو ایک ممکنہ انتقامی کارروائی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انتظامی ضابطوں کے تحت کیا گیا ہے تاکہ تحقیقاتی عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے اور ادارے کا نظم و نسق متاثر نہ ہو۔
تاہم ابھی تک عابدہ کاکڑ کی جانب سے اس فیصلے پر کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق، بورڈ میں اندرونی سطح پر بھی اس معاملے پر تقسیم پائی جاتی ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔