محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں فی الوقت ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے ، تاہم شہر میں موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے ، جس کی وجہ سے صبح وشام کے اوقات میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے نتیجے میں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔
صبح کے وقت نمی کا تناسب 80 اور شام کو 60 فیصد تک بڑھ سکتا ہے ۔ 3 روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔ گرمی کی لہر کے پیش نظر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔
اسلام آباد(اولس نیوز)پاکستان میں رواں سال کی پہلی خطرناک ہیٹ ویو کی شروعات ہو چکی ہے اور محکمہ موسمیات نے سخت گرمی کے پیشِ نظر ملک بھر میں شہریوں کے لیے انتباہ جاری کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 15 سے 20 مئی تک ملک کے بیشتر علاقے شدید گرم اور خشک موسمی دباؤ کے زیرِ اثر رہیں گے، جس سے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقے دن کے اوقات میں غیر معمولی گرمی کا شکار رہیں گے جب کہ بالائی اور وسطی علاقوں جیسے پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی گرمی کا زور برقرار رہے گا۔
اسی طرح اسلام آباد سمیت ملک کے شمالی حصوں میں درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ متوقع ہے، جس سے برف کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جو ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو تیز کرنے کا سبب بنے گا۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق 19 اور 20 مئی کو مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم متوقع ہے جو کچھ علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا سبب بن سکتا ہے، تاہم یہ صرف بالائی علاقوں تک محدود رہے گا۔
عوام خبردار رہیں
محکمہ موسمیات اور قومی ادارہ صحت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران خاص احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ صحت کے سنگین مسائل سے بچا جا سکے۔