ایل پی جی کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو تک کمی کا امکان

ایل پی جی کی قیمتوں میں 200 روپے فی کلو تک کمی کا امکان

سردی سے قبل ایل پی جی کے 6 بحری جہاز کراچی پہنچ گئے، قیمتوں میں 200 روپے فی کلو تک کمی کا امکان
کراچی( اولس نیوز ) شدید سردی سے قبل ملک میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی طلب پوری کرنے اور رسد بڑھانے کے لیے کراچی کی بندرگاہ پر چھ روز کے دوران ایل پی جی کے چھ بحری جہاز لنگر انداز ہوئے، جن کے ذریعے مجموعی طور پر 55 ہزار 417 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی گئی ہے۔ رسد میں اضافے کے باعث ایل پی جی کی قیمتوں میں 150 سے 200 روپے فی کلو تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق 14 نومبر کو بندرگاہ پر پہنچنے والے ایک بحری جہاز کے ذریعے ایک ہزار 621 میٹرک ٹن ایل پی جی لائی گئی، جبکہ اسی روز وکٹوریا کوسان نامی دوسرا جہاز 4 ہزار 387 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر لنگر انداز ہوا۔ 16 نومبر کو پیسفک اسٹار نامی جہاز 12 ہزار 115 میٹرک ٹن ایل پی جی کے ساتھ کراچی پہنچا۔ اس کے بعد 17 نومبر کو لیونارڈو کوسان نامی جہاز 3 ہزار 877 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر بندرگاہ پہنچا، جبکہ اسی روز الیسا ون نامی جہاز کے ذریعے 3 ہزار 551 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ سی شائن نامی جہاز 21 ہزار 866 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت شہر میں ایل پی جی 480 سے 700 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے، تاہم سردی کے موسم سے قبل درآمدی کھیپوں کی آمد اور رسد میں بہتری سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی فراہمی بڑھنے کی توقع ہے۔ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے کے باعث قیمتوں میں 150 سے 200 روپے فی کلو تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین کو سردیوں کے موسم میں ریلیف ملنے کی امید ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں