قومی شاہراہ این 50 پر موٹروے پولیس کی کارروائی، اضافی لائٹس اتار دی گئیں

کوئٹہ (اولس نیوز ) سیکٹر کمانڈر وقار احمد کی ہدایت پر قومی شاہراہ این 50 پر گاڑیوں میں نصب اضافی اور تیز روشنی والی لائٹس کے خلاف موٹروے پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے۔ اس مہم کے دوران مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر گاڑیوں اور بھاری ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نصب اضافی لائٹس موقع پر ہی اتار دی گئیں۔

ترجمان موٹروے پولیس این 50 قلعہ سیف اللہ کے مطابق یہ مہم بیٹ نمبر ایک خانوزئی، بیٹ نمبر دو مسلم باغ، بیٹ نمبر تین نسائی اور بیٹ نمبر چار قلعہ سیف اللہ میں متعلقہ ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی شروع کی گئی ہے۔ مہم کے دوران گشت پر مامور افسران نے مسافر اور بھاری ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی اور ان میں نصب اضافی لائٹس اتار دیں۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اپنی گاڑیوں میں اضافی اور تیز روشنی والی لائٹس نصب نہ کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹروے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں