قلعہ عبداللہ: ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے تنگ مسیزئی، برج عزیز خان میں گزشتہ رات پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف احتجاجاً کوئٹہ چمن قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
مظاہرین نے شاہراہ کی بندش کے ذریعے مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی، واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے انصاف اور علاقے میں امن و امان کی ضمانت کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر ملک کلیم اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ اس وقت تک بند رہے گی جب تک مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب نہیں کرایا جاتا، شہداء کے خون کا انصاف نہیں ملتا اور علاقے کے لوگوں کو امن کی ضمانت نہیں دی جاتی۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر مغوی افراد کی بازیابی اور علاقے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔




