کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی کو دو حصوں میں تقسیم کرکے ویسٹرن چاغی کے نام سے نیا ضلع قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع واشک کی حدود میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
گورنر بلوچستان کے حکم سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ضلع ویسٹرن چاغی کا ہیڈکوارٹر نوکنڈی ہوگا۔ اس میں سب ڈویژن تفتان اور ماشکیل شامل ہوں گے، جبکہ تحصیل تفتان، تحصیل ماشکیل اور تحصیل نوکنڈی نئے ضلع کا حصہ ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع چاغی کا ہیڈکوارٹر دالبندین برقرار رہے گا۔ اس ضلع میں سب ڈویژن دالبندین اور چاغی شامل ہوں گے، جبکہ تحصیل دالبندین، تحصیل چاغی، تحصیل یک مچ اور سب تحصیل چارسر اس کا حصہ ہوں گی۔
انتظامی تبدیلی کے تحت ماشکیل کو ضلع واشک سے الگ کرکے نئے قائم ہونے والے ضلع ویسٹرن چاغی میں شامل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع واشک کی نئی انتظامی حدود میں سب ڈویژن واشک، بسیمہ اور ناگ شامل ہوں گے۔ ضلع میں تحصیل واشک، تحصیل بسیمہ، تحصیل ناگ اور سب تحصیل شاہو گوری بھی شامل ہوں گی۔
ان تبدیلیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن گورنر بلوچستان کے حکم پر جاری کیا گیا ہے۔




