قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اہم دہشت گرد کمانڈر ہلاک؛ وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کا ثبوت قرار دیا ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی اولین ترجیح صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ضروری ہے اور اس جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں