کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کچلاک میں جانوروں کی آلائشوں سے تیل نکالنے والا یونٹ سیل کر دیا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سوشل میڈیا پر شکایت موصول ہوئی تھی کہ جانوروں کی باقیات سے نکالا گیا تیل کھانے پکانے میں استعمال ہو رہا ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔
شکایت پر *چیئرمین فوڈ اتھارٹی نور محمد دمڑ صاحب* کی ہدایت پر *ڈائریکٹر آپریشنز کاشف زبیر* کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم نے کچلاک میں واقع مذکورہ یونٹ پر چھاپہ مارا۔
دوران معائنہ ٹیم نے دیکھا کہ یونٹ میں جانوروں کی آلائشوں سے تیل نکالا جا رہا تھا اور وہاں قیمہ بنانے کا عمل بھی جاری تھا۔ ٹیم نے مالکان سے تیل کی پروسیسنگ، ترسیل اور استعمال سے متعلق دستاویزی ریکارڈ طلب کیا۔
یونٹ مالکان نے موقف اختیار کیا کہ یہ تیل صابن بنانے والی فیکٹری کو سپلائی کیا جاتا ہے، تاہم وہ اس دعوے کے حق میں کوئی دستاویزی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔
مشکوک سرگرمی اور ریکارڈ کی عدم موجودگی پر ٹیم نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014 کی دفعہ 13(1)(c) کے تحت یونٹ کو سیل کر دیا۔




