کوئٹہ( اولس نیوز ) کوئٹہ ویسٹ میں موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران فیس وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف رجسٹریشن کی معطلی یا منسوخی اور یومیہ 10 ہزار روپے جرمانے سمیت سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی زیرِ صدارت ضلعی تعلیمی امور سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی اسکول موسمِ سرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہیں کر سکیں گے۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جو اسکول پہلے ہی ایڈوانس فیس وصول کر چکے ہیں، انہیں یہ رقم واپس کرنا ہوگی یا آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔
اجلاس میں طلبہ کے ساتھ نامناسب رویے کی روک تھام کے لیے بھی احکامات جاری کیے گئے۔ فیس ادا نہ کرنے پر کسی طالب علم کو کلاس سے باہر کھڑا کرنے یا اس کی تذلیل کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
فیصلے کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کی جا سکتی ہے، جبکہ خلاف ورزی پر یومیہ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں عدالتی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
متعلقہ محکمہ تعلیم کو ان احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے اور تین روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



