پشاور: خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت سیاسی اجتماعات، ریلیوں اور غیر مجاز جلسوں پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شانگلہ، بونیر، ہنگو، چترال، اپر دیر اور لوئر دیر میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق سیاسی ریلیوں، عوامی اجتماعات، غیر مجاز اجتماع اور نفرت انگیز تقاریر پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
بونیر کے ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب چترال کی ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اسکول، کالج اور جامعات بھی بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پابندیوں پر عمل کریں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔ انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔




