ڈیرہ مراد جمالی میں قومی شاہراہ پر مسافروں سے لوٹ مار

ڈیرہ مراد جمالی: قومی شاہراہ پر قدیر کوٹ کے مقام پر متعدد گاڑیوں کے مسافروں اور ڈرائیوروں سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مختلف چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روکا اور مسافروں و ڈرائیوروں سے لوٹ مار کی۔ واقعے کے دوران بعض ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی اطلاع ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر صدر پولیس ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
واقعے کے بعد قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں کی جانب سے سکیورٹی انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں