بلوچستان میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، وزیراعلیٰ نے سیکرٹریز سے حلف لے لیا

بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام سیکرٹریز سے نوکریاں نہ فروخت ہونے کا حلف لیا گیا

بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام سیکرٹریز سے نوکریاں نہ فروخت ہونے کا حلف لیا گیا

کوئٹہ(اولس نیوز کوئٹہ ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت ہونے دینا کسی صورت قابل قبول نہیں اور حکومت میرٹ کے نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تمام سیکرٹریز کو اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر یہ حلف دلایا کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں نوکریوں کی خرید و فروخت نہیں ہونے دیں گے اور بھرتیوں کے تمام مراحل کو شفاف اور میرٹ کے مطابق مکمل کریں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت ہر قسم کا سیاسی یا انتظامی دباؤ برداشت کرے گی، مگر بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے نوجوانوں کی محنت کو کسی قیمت پر فروخت نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے افسران پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت ہیں اور بلوچستان کو درست سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست پر نوجوانوں کا اعتماد صرف میرٹ، شفافیت اور انصاف کے نظام کے ذریعے ہی بحال کیا جا سکتا ہے، اس لیے نوکریوں کی خرید و فروخت کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا رعایت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں