عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر حاجی ولی محمد نورزئی کا خصوصی پیغام
حاجی ولی محمد نورزئی
پارلیمانی سیکرٹری سماجی بہبود بلوچستان
کوئٹہ ( اولس نیوز) ہر سال 8 ستمبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ خواندگی منایا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا، ناخواندگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کو فروغ دینا اور معاشرے کے ہر فرد تک تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانے کے عزم کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک و قوم کی بنیادی پہچان یہ ہے کہ اس کے افراد تعلیم یافتہ ہوں اور علم کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش اور قربانی سے دریغ نہ کریں۔ کسی بھی قوم کے مستقبل اور ترقی کا براہِ راست انحصار اس کے افراد کی تعلیم اور شعور پر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیم اور خواندگی کو معاشرتی ترقی کی بنیادی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔
مجھے یہ جان کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ محکمہ خواندگی و غیر رسمی تعلیم بلوچستان صوبے بھر میں خواندگی کے فروغ اور ناخواندگی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ محکمہ خواندگی و غیر رسمی تعلیم، حکومتِ بلوچستان کے تعاون سے صوبے کے مختلف علاقوں، بالخصوص دور دراز علاقوں میں بنیادی تعلیم اور خواندگی کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
حصولِ علم ایک عظیم فریضہ اور جدوجہد ہے، جس کے ذریعے نہ صرف فرد کی شخصیت سنورتی ہے بلکہ معاشرہ بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا کی طرح پاکستان کے تمام صوبوں میں بھی عالمی یومِ خواندگی اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ معاشرے سے ناخواندگی کا خاتمہ کیا جائے اور ہر فرد کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
ان شاء اللہ بلوچستان میں ناخواندگی کے خاتمے تک ہماری تمام تر کوششیں جاری رہیں گی اور خواندگی و غیر رسمی تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔
دینِ اسلام میں علم کو بنیادی اور مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ علم کا حصول ہر مسلمان مرد اور عورت کے لیے اہم فریضہ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح یونیسکو نے بھی خواندگی کو دنیا بھر کے انسانوں کی بنیادی ضرورت قرار دیا ہے۔ اس سال عالمی یومِ خواندگی کا موضوع “Literacy for People, the Planet & Prosperity” ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خواندگی نہ صرف انسان کی ترقی بلکہ معاشرے، ماحول اور خوشحالی کے لیے بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت ہر شہری کو مفت اور لازمی بنیادی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ آئین کی اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومتوں کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔
محکمہ خواندگی و غیر رسمی تعلیم، محکمہ سماجی بہبود اور حکومتِ بلوچستان کے اشتراک سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں شرحِ خواندگی بڑھانے کے لیے مسلسل مصروفِ عمل ہے۔ اس سلسلے میں ناخواندہ افراد اور اسکول نہ جانے والے بچوں کے لیے قومی نصاب کے مطابق تعلیمی مواد تیار کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ غیر رسمی تعلیمی پالیسی، غیر رسمی تعلیمی مراکز اور خواندگی لرنرز کی معلومات کے نظام کو بھی JICA کے تعاون سے قائم کیا جا چکا ہے۔
میں بلوچستان کی عوام کی جانب سے JICA کے اس انسان دوست تعاون پر تہِ دل سے مشکور و ممنون ہوں اور ان کی اس کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ بلوچستان کا ہر بچہ، جوان، بزرگ، مرد اور عورت تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
الحمدللہ!
صوبائی حکومت نے گزشتہ دس برسوں کے دوران تعلیم، خواندگی اور دیگر سماجی خدمات کے فروغ کے لیے صوبائی بجٹ کا ایک بڑا حصہ عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کیا ہے۔ میں عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر محکمہ خواندگی و غیر رسمی تعلیم کے تمام افسران، اہلکاروں اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
میری تمام ناخواندہ افراد سے خصوصی گزارش ہے کہ وہ محکمہ خواندگی و غیر رسمی تعلیم کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات سے بھرپور استفادہ کریں اور کم از کم پڑھنے اور لکھنے کی بنیادی صلاحیت ضرور حاصل کریں، تاکہ بلوچستان میں شعور، تعلیم اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔
تعلیم ایک فرد کو نہیں، پوری قوم کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہے۔
آئیں، خواندگی کے فروغ اور ناخواندگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔




