کوئٹہ ( اولس نیوز ) خروٹ آباد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے سگے بھائی کو قتل کرنے کے الزام میں ملزم نعمت اللہ کو صرف 20 منٹ کے اندر گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق خروٹ آباد کے علاقے میں فائرنگ کی اطلاع ملنے پر ایس آئی/ایس ایچ او احسان اللہ مروت پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کارروائی شروع کی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نعمت اللہ نے فائرنگ کرکے اپنے سگے بھائی حکمت اللہ کو قتل کیا۔ خروٹ آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے کے صرف 20 منٹ کے اندر ملزم نعمت اللہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔




