حب (رپورٹ/ضیاء کمبوہ) ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ساؤتھ زون بلوچستان نے گڈانی کے ساحلی علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1013 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کرلی۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ساؤتھ زون بلوچستان محمد زمان خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ برآمد کی گئی آئس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 74 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی سے منشیات مافیا کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، جبکہ منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
محمد زمان خان کے مطابق یہ تاریخی برآمدگی گزشتہ دو سال کے دوران بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی کامیاب کارروائیوں کا تسلسل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1,638 کلوگرام آئس، 620 کلوگرام چرس اور 27,543 بوتلیں و کین غیر ملکی شراب و بیئر برآمد کیے گئے، جن کی مجموعی بین الاقوامی مالیت 133.56 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
ڈی جی ایکسائز نے کہا کہ محکمہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشن جاری رکھے گا اور ملک کی نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔