کوئٹہ کے آرچر روڈ پر زیرِ تعمیر پلازے کی تعمیر اور اس کے باعث مبینہ طور پر سڑک و زمین دھنسنے کے معاملے کی کوریج کے دوران میڈیا نمائندگان کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
میڈیا نمائندگان کے مطابق وہ زیرِ تعمیر پلازے کی کھدائی، عوامی تحفظ سے متعلق خدشات اور مقامی شہریوں کا مؤقف ریکارڈ کر رہے تھے کہ اسی دوران چند بااثر افراد نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا اور انہیں کوریج سے روکنے کی کوشش کی۔
صحافیوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت اے سی کچلاک، پولیس اور کارپوریشن کے اہلکار بھی موقع پر موجود تھے، تاہم ان کے مطابق میڈیا ٹیم کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا گیا۔ میڈیا نمائندگان نے دعویٰ کیا کہ واقعے کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
متاثرہ صحافیوں کے مطابق وہ گزشتہ کئی روز سے آرچر روڈ پر زیرِ تعمیر پلازے اور مبینہ طور پر زمین دھنسنے کے معاملے پر مسلسل رپورٹنگ کر رہے تھے، جس دوران انہیں کوریج سے روکنے کی کوشش کی گئی۔
واقعے کے بعد صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ صحافیوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور میڈیا نمائندگان کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران تحفظ فراہم کیا جائے۔