بلوچستان کے تمام ٹیکنیکل اور ووکیشنل ادارے بی-ٹیوٹا کے انتظامی کنٹرول میں دیدئیے گئے، نوٹیفکیشن جاری
کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم (TVET) کے شعبے میں اہم انتظامی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام تکنیکی و ووکیشنل تعلیمی و تربیتی اداروں کو بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) کے ریگولیٹری اور آپریشنل کنٹرول میں دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ترمیمی) ایکٹ 2026 کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف مین پاور ٹریننگ، انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت تمام ٹی وی ای ٹی ادارے، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام تمام پولی ٹیکنک، مونوٹیکنک انسٹی ٹیوٹس اور گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی سمیت حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً نامزد دیگر سرکاری ٹیوٹ ادارے بھی بی-ٹیوٹا کے انتظامی دائرہ اختیار میں آئیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام متعلقہ کالجز، اسکولز، پولی ٹیکنکس اور تربیتی مراکز اب بی-ٹیوٹا کے آپریشنل کنٹرول میں کام کریں گے، جبکہ اتھارٹی قانون کے تحت حاصل تمام اختیارات استعمال کرے گی اور متعلقہ امور انجام دے گی۔
اس کے ساتھ ہی اداروں کے انتظامی معاملات، سروس اسٹرکچر، افرادی قوت کے انتظام اور اسٹیبلشمنٹ سے متعلق اختیارات محکمہ محنت و افرادی قوت، حکومت بلوچستان کے پاس ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق ضم کیے گئے اداروں اور سابقہ بلوچستان بورڈ آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے تمام اثاثے، ریکارڈ، جاری منصوبے، حقوق اور مالی ذمہ داریاں متعلقہ قانون کے مطابق بی-ٹیوٹا اور بی-ٹیواب (BTEVAB) کو منتقل کر دی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ بی-ٹیوٹا کے مالی معاملات بھی محکمہ محنت و افرادی قوت، حکومت بلوچستان کے انتظامی کنٹرول میں ہوں گے۔