بلوچستان ( اولس نیوز ) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لجے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے لجے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد خاران اور لجے میں خودکش حملوں سمیت دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشتگرد بھتہ خوری، اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران جنگی سامان، 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔