کوئٹہ ( اولس نیوز ) دونوں ہاتھوں سے معذور مگر غیر معمولی عزم اور حوصلے کے مالک ہونہار طالب علم رفیع اللہ نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خصوصی ملاقات کی، جہاں انہوں نے اپنے ڈاکٹر بننے کے خواب سے آگاہ کیا۔
رفیع اللہ کی ہمت اور لگن سے متاثر ہو کر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان ان کی تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرے گی تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں بھی بہتر علاج ممکن ہوگا، حکومت بلوچستان رفیع اللہ کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رفیع اللہ نے اپنی جدوجہد سے ثابت کیا ہے کہ جسمانی معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ ان کا عزم اور حوصلہ پوری قوم، خصوصاً نوجوان نسل کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صلاحیت اور عزم رکھنے والے ہر نوجوان کی سرپرستی حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ رفیع اللہ جیسے باہمت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی کامیابی دراصل پورے صوبے کی کامیابی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رفیع اللہ کو تعلیم، علاج اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کر کے معاشرے کی خدمت کر سکیں۔




