کوئٹہ ( اولس نیوز ) کوئٹہ میں سیشن کورٹ سمیت اہم عدالتی تنصیبات کے لیے محکمہ داخلہ بلوچستان نے مبینہ خودکش حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ججز، وکلا اور عدالتی عملے کو غیر معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سینیئر وکلا کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے ارسال کیے گئے مراسلے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی فدائی ونگ “مجید بریگیڈ” سے تعلق رکھنے والا مبینہ خودکش حملہ آور “حوران” اپنے ساتھیوں سمیت کوئٹہ پہنچ چکا ہے اور سریاب کے علاقے میں موجود ہے۔
مراسلے کے مطابق مبینہ حملہ آور کسی بھی وقت سیشن کورٹ یا دیگر عدالتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے، جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکام نے شہریوں، وکلا اور عدالتی عملے سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سیکیورٹی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
نوٹ: یہ خبر محکمہ داخلہ کے جاری کردہ تھریٹ الرٹ پر مبنی ہے۔ اس وقت کسی حملے کے وقوع پذیر ہونے کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔




