کوئٹہ (اولس نیوز) گوادر: ضلع گوادر کے علاقے جیوانی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی پانوان چیک پوسٹ پر جمعہ کی شام مبینہ خودکش گاڑی بم (VBIED) حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے 3 اور پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ 16 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ شام تقریباً 7 بجے اس وقت کیا گیا جب بارود سے بھرا ایک مزدا ٹرک تیزی سے پاکستان کوسٹ گارڈز کی پانوان چیک پوسٹ کی عمارت سے ٹکرا دیا گیا۔ چیک پوسٹ پر اس وقت پاکستان کوسٹ گارڈز کی تیسری بٹالین اور 32 پنجاب رجمنٹ کے مجموعی طور پر 20 اہلکار تعینات تھے۔
حملے کے نتیجے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے 3 اہلکار اور پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، جبکہ پاک فوج کے 8 اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے 8 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات اور مزید کارروائی جاری ہے۔



