کاہنہ سانحہ: لاہور میں تمام نجی ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کا ہنگامی سروے، نئی ریگولیشن کی تیاری شروع

کاہنہ ( اولس نیوز ) کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں قائم نجی ٹیوشن سینٹرز، اکیڈمیز اور دیگر تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا ہنگامی سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق خصوصی سروے ٹیمیں آئندہ تین روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں قائم نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کا معائنہ کریں گی۔ اس دوران عمارتوں کی حفاظتی صورتحال، طلبہ کی تعداد، ایمرجنسی انتظامات اور دیگر ضروری معلومات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد جامع رپورٹ تیار کی جائے گی، جس کی بنیاد پر نجی ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن، نگرانی اور ریگولیشن کے لیے نئی پالیسی اور واضح ضابطۂ کار متعارف کرایا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات سے بچا جا سکے۔

سروے کے دوران غیر محفوظ، غیر رجسٹرڈ اور حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والے ٹیوشن سینٹرز کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے زونل ہیڈز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مقررہ مدت میں اپنی رپورٹ جمع کرائیں گی۔

ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے شہر بھر میں نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کے لیے مؤثر ریگولیٹری نظام نافذ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

ڈائریکٹر کمیونیکیشن ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود نے کہا ہے کہ سروے کے نتائج کی روشنی میں ایسا جامع اور مؤثر نظام متعارف کرایا جائے گا، جو تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیار کو یقینی بنانے اور مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں