گوجرہ کی مرکزی سرگودھا روڈ پر 18 مئی کو مبینہ طور پر ایک نوجوان نے 5 ہزار روپے کی شرط کیلئے سرِعام برہنہ حالت میں دوڑ لگائی۔ اس واقعے کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی جس پر حکام نے فوری نوٹس لیا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایت پر کارروائی کی گئی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا حکم جاری ہوا۔ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق شاہ پور صدر کے رہائشی ثمر حیات کو مبینہ طور پر احسان نامی شخص اور 2 نامعلوم افراد نے قینچی چوک کے قریب 100 فٹ تک برہنہ دوڑ لگانے کا چیلنج دیا تھا، جس کے بدلے اسے 5 ہزار روپے دینے کی شرط رکھی گئی تھی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ثمر حیات نے یہ چیلنج قبول کیا اور سڑک پر برہنہ دوڑ مکمل کی، جبکہ اسی دوران ایک شخص نے موبائل فون سے اس پورے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی، جو بعد میں مختلف سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اسے شرمناک قرار دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف عوامی اخلاقیات متاثر ہوئیں بلکہ شہریوں میں اضطراب اور ذہنی پریشانی بھی پیدا ہوئی، جس پر قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔ مقدمے میں ثمر حیات، احسان اور 2 نامعلوم افراد کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294، 509، 109 اور 34 کے تحت نامزد کیا گیا ہے،
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں پنجاب پریوینشن آف گیمبلنگ آرڈیننس 1978 کی متعلقہ شقیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے بعد مقدمے میں مزید انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔




