مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کی حملے کی کوشش ناکام، جوابی کارروائی میں دو حملہ آور ہلاک۔

کوئٹہ ( پ ،ر ) ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کو بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ ولی خان بائی پاس کے مقام پر کیا گیا جہاں تقریباً سات سے آٹھ موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کا آغاز کیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر پوزیشن سنبھالتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ بولتا بلوچستان میڈیا کے ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو حملہ آور مارے گئے جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا اور قافلے کو محفوظ مقام تک منتقل کیا۔ بولتا بلوچستان میڈیا کے ذرائع کے مطابق حملے میں سیکیورٹی فورسز کے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور فرار ہونے والے عناصر کی تلاش جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ولی خان بائی پاس اور گردونواح میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں