دو ماہ کے دوران کوئٹہ شہر میں جرائم کی شرح 70 فیصد تک کم ہوئی ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ۔ (اولس نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کاوشوں کے باعث کوئٹہ شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی اور جرائم کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کوئٹہ شہر میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات درست سمت میں گامزن ہیں ،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے ۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیف سٹی کوئٹہ منصوبے کے تحت نصب کیے گئے 97 فیصد کیمرے دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں جس سے نگرانی کا نظام مؤثر اور جرائم کی روک تھام میں مدد مل رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بتدریج مگر پائیدار بنیاد پر بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات جاری ہیں، دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ نبھا رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی اور شہریوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں