اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی، جس کا مرکز پاک افغان سرحد کے قریب کوہ ہندو کش ریجن تھا، زلزلہ تقریباً 10سیکنڈ تک جاری رہا، شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ رات 12 بج کر 17منٹ پر آیا اور لوگ گھبراہٹ کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر آگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال سوات، پشاور، ملاکنڈ، مانسہرہ، ہنگو و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ سوات، مردان، نوشہرہ، بنوں، بونیر، کوہاٹ، چارسدہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اٹک، تلہ گنگ، کلرکہار اور چوآسیدن شاہ، گوجرانوالہ،جھنگ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
جنوبی وزیرستان، لوئردیر، پارا چنار، آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی زلزلے کے جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
افغانستان، بھارت اور تاجکستان میں بھی زلزلہ
زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے علاوہ افغانستان، بھارت اور تاجکستان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ اس وقت عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے کہ کہیں کوئی عمارت زلزلے سے متاثر نہ ہوئی ہو۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اب تک پنجاب بھر میں زلزلے سے کوئی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، پنجاب بھر میں پی ڈی ایم اے کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز24/7 الرٹ ہیں،
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129پر دیں۔
زلزلے کے دوران کیا کریں؟
سب سے پہلے پُرسکون رہیں کیونکہ گھبراہٹ سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں
محفوظ جگہ پر چلے جائیں۔
اگر آپ گھر میں ہیں تو میز یا مضبوط فرنیچر کے نیچے چھپ جائیں، دیوار کے ساتھ بیٹھ جائیں لیکن کھڑکیوں، شیشے یا بھاری چیزوں سے دور رہیں، لفٹ کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
اگر آپ باہر ہیں تو عمارتوں، بجلی کی تاروں اور درختوں سے دور کھلے میدان میں چلے جائیں۔
اگر گاڑی میں ہیں تو گاڑی روک دیں لیکن پل، اوورہیڈز یا عمارتوں سے دور کھڑی کریں، گاڑی کے اندر ہی رہیں جب تک زلزلہ ختم نہ ہو جائے۔
۔