اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل، صاحبزادے اسجد محمود کی گرفتاری کا دعویٰ
اسلام آباد ( ااولس نیوز ) اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے، جبکہ ان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد سیاسی اور انتظامی حلقوں میں معاملہ زیرِ بحث آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح سی ڈی اے کے حکم پر متعلقہ انتظامیہ اور علاقہ مجسٹریٹ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کرنے پہنچے، اس دوران پولیس نے گھر کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے۔ جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا اسجد محمود کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ نے اہل خانہ کو گھر سے نکال کر رہائش گاہ کو سیل کر دیا ہے۔
دوسری جانب سی ڈی اے کے جاری کردہ حکم نامے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومتی اداروں کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ گھر کے مالک امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہو چکا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 26 نومبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم پیش نہ ہونے پر گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس معاملے میں ایک طرف سی ڈی اے کی جانب سے جائیداد کی الاٹمنٹ منسوخی کی وجوہات سامنے آئی ہیں، جبکہ دوسری جانب جے یو آئی (ف) نے رہائش گاہ سیل کرنے اور گرفتاری کے اقدام پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔




