جمعیت رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف بلوچستان بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

جمعیت رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف بلوچستان بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

بلوچستان بار کونسل کا جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

کوئٹہ (اولس نیوز) بلوچستان بار کونسل نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور سیاسی کارکنوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے جمعہ 27 نومبر کو صوبہ بھر کی عدالتوں میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

بلوچستان بار کونسل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو اپنے آئینی حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں اور آئینی حقوق کے استعمال پر بھی لوگوں کو نظر بند کیا جا رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف حلقوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جو آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ وکلاء برادری نے ایسے اقدامات کو قبول نہ کرنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔

 

 

بلوچستان بار کونسل کے مطابق احتجاجاً جمعہ 27 نومبر کو بلوچستان بھر کی تمام عدالتوں میں عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا اور کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا۔ بلوچستان بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور شہریوں کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں