قلعہ عبداللہ: مغوی نوجوان کی بازیابی پر زی اڈہ دھرنا ختم، کوئٹہ چمن شاہراہ بحال

قلعہ عبداللہ: زی اڈہ دھرنا ختم، مغوی نوجوان بازیاب، کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

قلعہ عبداللہ  (اولس نیوز کوئٹہ  ) قلعہ عبداللہ کے علاقے زی اڈہ میں جاری احتجاجی دھرنا مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی اور مغوی نوجوان کی بازیابی کے بعد ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، جس کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا۔

دھرنا کمیٹی کے سربراہ حاجی کلیم اللہ کاکڑ نے اپنے خطاب میں علاقے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے واقعے کے مختلف پہلوؤں اور حقائق سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ دھرنا کمیٹی کے ارکان کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہ کی جائے، جس پر ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ نے اس حوالے سے مکمل یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں اجتماعی مشاورت اور فیصلے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

احتجاج کے خاتمے کے بعد واقعے میں جاں بحق ہونے والے والد اور بیٹے کی میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں روانہ کردی گئیں۔ شہداء کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے تنگ میسیزئی کے آبائی قبرستان میں ادا کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ، مغوی نوجوان کی بازیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے جرگے کے سربراہ مولوی مفتی غلام حیدر اور دیگر قبائلی و سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔

دھرنا ختم ہونے کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بحال ہوگئی اور مسافروں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں