کوئٹہ( اولس نیوز ) بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین ’’جناح پیپلز ٹرین‘‘ عوامی خدمت کے لیے تیار ہوگئی ہے، جبکہ منصوبے کے تحت کچلاک سے سریاب تک 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی ہے۔
جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا، جس پر مجموعی طور پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ منصوبے کے تحت کچلاک سے سریاب تک روٹ پر 7 ریلوے اسٹیشن شامل کیے گئے ہیں۔
جناح پیپلز ٹرین کے روٹ میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز اور سریاب اسٹیشن شامل ہیں، جہاں سے کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کو سفری سہولت میسر ہوگی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین منصوبے کی تکمیل پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے اسے عوام کے لیے جلد کھولنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق جناح پیپلز ٹرین کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کے لیے محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گی، جبکہ ٹرین سروس سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت ملے گی۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کو جدید اور باوقار سفری سہولت کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق جدید سفری سہولیات سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی، جبکہ جناح پیپلز ٹرین سروس کوئٹہ اور گردونواح کے عوام کے لیے سفری سہولیات میں نمایاں بہتری لائے گی۔




