صوبائی وزیر صادق عمرانی کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش

کوئٹہ( اولس نیوز )  صوبائی وزیر میر صادق عمرانی کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ مذمتی قرارداد پیش کر دی گئی، جس میں 31 اگست کے اسمبلی اجلاس میں ان کی تقریر کے بعض الفاظ کی مذمت اور انہیں اسمبلی کارروائی سے حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد صوبائی وزراء ضیاء لانگو، نور محمد دوڑ، بخت محمد کاکڑ اور علی مدد جتک کی جانب سے پیش کی گئی، جبکہ اراکین اسمبلی برکت رند، اسفندیار کاکڑ، ہادیہ نواز اور فرح عظیم شاہ بھی قرارداد کے محرکین میں شامل ہیں۔ مشترکہ مذمتی قرارداد صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے پیش کی۔ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے علی مدد جتک نے کہا کہ صوبائی وزیر صادق عمرانی کے الفاظ سے صوبے کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 235 افراد کو اسلام آباد بلا کر بے عزت کیا گیا، تاہم علی مدد جتک کے مطابق بلوچستان کے لوگوں کو کانفرنس میں بہت عزت دی گئی تھی۔ علی مدد جتک نے مزید کہا کہ جس شخص کو ان کی پارٹی نے پارلیمانی لیڈر بنایا، وہ کبھی کچھ کہتے ہیں اور کبھی کچھ کہتے ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 31 اگست کے اسمبلی اجلاس میں صوبائی وزیر صادق عمرانی کی تقریر کے متنازع الفاظ کو اسمبلی کی کارروائی سے حذف کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں