کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے مستونگ میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
معاونِ وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش ہے اور وکلاء و ججز کو نشانہ بنانا ایک گہری سازش کا حصہ ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن دشمن عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنے میں ناکام رہیں گے، جبکہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
شاہد رند نے کہا کہ حکومت شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور بلوچستان حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے گی۔




