کوئٹہ ( اولس نیوز ) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور نوجوانوں کو ہتھیاروں کے بجائے تعلیم، تحقیق اور شعور کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بندوق کبھی بھی قوموں کی ترقی کا ذریعہ نہیں بن سکتی، جبکہ قلم، تعلیم اور علم ہی خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی صرف تباہی، بدامنی اور اندھیروں کی طرف لے جاتی ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پہاڑوں کا رخ کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنی زندگی بلکہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کریں۔
وزیر داخلہ نے خواتین کے شدت پسندی میں شامل ہونے کے رجحان کو بھی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے رجحانات معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں اور ان کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور حکومت انہیں بہتر تعلیمی سہولیات، روزگار کے مواقع اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان تعلیم اور مثبت کردار کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مؤثر حصہ ڈالیں۔




