حکومت بلوچستان اور چیئرمین نیب کا اہم اقدام

بدعنوانی کے انسداد اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (PACA) اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے مابین مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

یہ معاہدہ قومی سطح پر اینٹی کرپشن نظام کو مزید مؤثر، مربوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک کلیدی سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈائریکٹر جنرل PACA جناب غلام صفدر شاہ اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان جناب نصیب اللہ کاکڑ نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے پیشہ ورانہ تربیت، جدید تحقیقاتی مہارتوں، فرانزک تجزیہ، اور مالیاتی جرائم کی مؤثر تحقیقات کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس اشتراک سے افسران کی استعداد کار میں نمایاں بہتری متوقع ہے، جس سے بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مضبوط بنیادیں فراہم ہوں گی۔

دستخطی تقریب کے بعد ڈی جی ACE بلوچستان نے PACA کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی جدید تربیتی سہولیات کو سراہا اور افسران کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کو ناگزیر قرار دیا۔

یہ معاہدہ نہ صرف ادارہ جاتی روابط کو مستحکم کرے گا بلکہ ملک میں شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں