بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برف باری، قومی شاہراہوں پر ٹریفک بحال

این ایچ اے کا بروقت آپریشن، کوژک ٹاپ پر نمک پاشی، کان مہترزی میں ہیوی مشینری استعمال

کوئٹہ:
بلوچستان کے شمالی علاقوں کان مہترزی، توبہ کاکڑی، توبہ اچکزئی، مسلم باغ، کنچوغی، زیارت اور چوتیر میں گزشتہ شب شدید سردی کے دوران برف باری ہوئی جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ برف باری کے بعد بلوچستان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے فوری عملی اقدامات کرتے ہوئے اہم قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے آپریشن شروع کردیا۔

این ایچ اے کی ٹیموں نے کان مہترزی–کوئٹہ–ژوب قومی شاہراہ اور کوژک ٹاپ–کوئٹہ–چمن شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا۔ درہ کوژک ٹاپ پر ہلکی برف باری کے بعد پھسلن کے خدشے کے پیش نظر سڑک پر نمک پاشی کی گئی تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

کان مہترزی کے مقام پر شاہراہ کے دونوں اطراف سے ہیوی مشینری کے ذریعے برف ہٹائی گئی، جس کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال رکھی گئی۔ اس پورے آپریشن کی نگرانی جنرل منیجر نارتھ این ایچ اے آغا عنایت اللہ خود کر رہے تھے۔ انہوں نے شدید سردی میں جانفشانی سے فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

دوسری جانب توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کنچوغی اور مسلم باغ کے دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے ملانے والی رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ باہمی رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں آمدورفت ممکن رہے۔

انتظامیہ سے مطالبہ:
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ برف باری کے موسم میں رابطہ سڑکوں کی بندش کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے فوری طور پر سڑکوں کی صفائی اور بحالی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں