رکن صوبائی اسمبلی میر لیاقت علی لہڑی کا اچانک دورہ، مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی
کوئٹہ (اولس نیوز کوئٹہ )رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طالبات سے ان کے تعلیمی حالات اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
دورے کے دوران میر لیاقت لہڑی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں بینچز کی عدم فراہمی کے باعث طالبات سرد موسم میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسکول میں گیس اور پانی کی شدید قلت نے بھی تعلیمی ماحول کو متاثر کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ میر لیاقت لہڑی نے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گیس، پانی اور فرنیچر کی فراہمی کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے۔
اس موقع پر اسکول کی پرنسپل میڈم نسیمہ ملغانی، میڈم نگہت قادر مگسی، اور اسکول کمیٹی کے رکن ارمان اچکزئی بھی موجود تھے۔ اسکول انتظامیہ نے میر لیاقت لہڑی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی توجہ سے اسکول کے مسائل جلد حل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔




