کوئٹہ (اولس نیوز کوئٹہ )بلوچستان کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سردی نے ڈیرے جما لیے ہیں، جہاں دوسرے روز بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ قلات، مستونگ، سوراب اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
شدید سردی کے باعث شہریوں نے گرم کپڑوں، کمبلوں اور ہیٹروں کا استعمال بڑھا دیا ہے دوسری جانب، گیس کے کم دباؤ اور لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق دسمبر کے آغاز تک سردی کی لہر مزید تیز ہونے کا امکان ہے، اور درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھی جا سکتی ہے۔




