نجی اسکیم کے تحت حج سے محروم عازمین کو آئندہ سال بغیر اضافی رقم کے حج کا موقع ملے گا

نجی اسکیم کے تحت رواں سال حج سے محروم رہ جانے والے ہزاروں عازمین کیلئے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق یہ عازمین آئندہ برس بغیر کسی اضافی رقم کے حج ادا کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق نجی حج آپریٹرز کی نمائندہ تنظیم ہوپ (HOAP) نے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں سال حج سے رہ جانے والے 25 سے 26 ہزار عازمین کو آئندہ سال حج پر بھیجا جائے گا اور ان سے دوبارہ کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے بھی اس بات کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ان عازمین کی جمع کروائی گئی رقم اب بھی سعودی عرب میں محفوظ ہے۔ سعودی عرب کے بینکنگ سسٹم میں ”والٹ“ اکاؤنٹس کے تحت ان عازمین کے تقریباً 490 ملین سعودی ریال (تقریباً 36 ارب پاکستانی روپے) موجود ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال دعویٰ کیا گیا تھا کہ 67 ہزار کوٹہ مکمل استعمال ہوا، تاہم درحقیقت صرف تقریباً 63 ہزار کا حج کوٹہ ہی استعمال ہو سکا تھا۔ نجی آپریٹرز کی جانب سے اس کوٹے پر مکمل بکنگ نہ ہونے کے باعث ہزاروں عازمین حج سے محروم رہ گئے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور پہلے ہی وزارت مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کو اس غفلت کا ذمہ دار قرار دے چکی ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے واضح کیا کہ حج سے رہ جانے والے ہزاروں پاکستانیوں کی محرومی کی اصل وجہ وزارت اور نجی آپریٹرز کی ناقص کارکردگی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں