نوشکی واقعے میں زخمی ہونے والے مزید چھ افراد کراچی میں دم توڑ گئے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق لیاقت نیشنل اسپتال میں پانچ افراد گزشتہ رات جاں بحق ہوئے جبکہ چھٹا زخمی تنویر آج صبح زندگی کی بازی ہار گیا۔
شاہد رند نے بتایا کہ میتوں کی منتقلی کے لیے ایمبولینسز روانہ کر دی گئی ہیں اور مرحومین کی تدفین کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ٹرک اڈے کے قریب پیٹرول سے بھرا ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا تھا، واقعے میں ایک ٹرک ڈرائیور موقع پر جاں بحق اور متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے جبکہ دھماکے کے 17 زخمیوں کو علاج کےلیے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔