کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے 10 اضلاع میں 11 نومبر کی رات اور 12 نومبر کو بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ 10 نومبر کی شام ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 12 نومبر کو شدت اختیار کر سکتا ہے۔ یہ سلسلہ بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کوئٹہ، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں 11 نومبر کی رات اور 12 نومبر کو چند مقامات پر بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ بارش کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھا سکتی ہے، جبکہ دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔ بلند پہاڑی علاقوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برف باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسمی صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔
بلوچستان کے 10 اضلاع میں 11 اور 12 نومبر کو بارش اور ژالہ باری کا امکان




