ڈی سی کے اعلان کے باوجود کوئٹہ کے نجی اسکول میں چھٹیوں کی فیس وصولی، شہری کا کارروائی کا مطالبہ
کوئٹہ( اولس نیوز کوئٹہ ) ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اعلان کے باوجود ایئرپورٹ روڈ، کلی گل محمد میں واقع اسکل فل پبلک ہائی اسکول میں موسمِ تعطیلات کی فیس وصول کرنے کا معاملہ سامنے آگیا۔
ایک شہری کے مطابق انہوں نے اپنے بھتیجے کی چھٹیوں کی فیس مذکورہ اسکول میں جمع کروائی ہے، جس پر انہوں نے متعلقہ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔
شہری کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا جاتا ہے کہ اساتذہ کو بھی چھٹیوں کے دوران تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں، اس لیے فیس وصول کی جاتی ہے۔
شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تعطیلات کی فیس وصول کرنا قواعد و ضوابط کے مطابق ہے تو اس کی وضاحت کی جائے، بصورت دیگر متعلقہ اسکول کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ والدین کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔




