احتجاج سے چہرہ چھپانے تک پابندی! بلوچستان میں دفعہ 144 کا نفاذ

کوئٹہ( او لس نیوز )  بلوچستان حکومت کے محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں 23 ستمبر سے 30 روز کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن کا مقصد عوامی مقامات پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور ممکنہ ناخوشگوار واقعات کی روک تھام بتایا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق صوبے بھر میں عوامی مقامات پر ہتھیاروں کی نمائش، ساتھ رکھنے اور استعمال پر پابندی عائد ہوگی، تاہم قانونی اجازت نامہ رکھنے والے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

احکامات کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں، جلوسوں، ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپ کر شناخت چھپانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کو خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

یہ پابندیاں 23 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گی اور 30 روز تک جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں