کوئٹہ: بلوچستان ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن (بی ڈی ایم اے) نے صحافی نصیر کاکڑ پر مبینہ تشدد کے واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے آزادیٔ صحافت اور قانون کی حکمرانی کے منافی قرار دیا ہے۔
بی ڈی ایم اے کے مطابق قبائلی تنازعات کے نام پر صحافی نصیر کاکڑ پر کسی قبائلی رہنما کی جانب سے تشدد قابلِ مذمت ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ کسی بھی تنازع کے حل کے لیے قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
بلوچستان ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
بی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران دھمکانا یا تشدد کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں، اور آزادیٔ صحافت کے تحفظ کے لیے صحافتی برادری متحد ہے




