بلوچستان ہائی کورٹ نے محمود خان اچکزئی کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کا سربراہ تسلیم نہ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کا حکم معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے پی کے میپ کو 8 جولائی کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس بھی تاحکمِ ثانی معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا۔
یہ آئینی درخواست پی کے میپ کے جنرل سیکریٹری عبدالرحیم زیارتوال نے دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پارٹی کی 30 اپریل کو جمع کرائی گئی آئینی ترمیم پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے اور انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے مناسب مدت کی توسیع دی جائے۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ عدالتی حکم سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں، جبکہ الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس کی تعمیل صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے ذریعے کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت 26 اگست کو ہوگی۔