منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں
فضل محمد نورزئی کا پیغام
کوئٹہ ( اولس نیوز ) منشیات ایک ایسا ناسور ہے جو نہ صرف افراد بلکہ پورے معاشرے کو تباہ کر رہا ہے۔ اس لعنت کے خلاف صرف ایک ادارہ یا ایک فرد نہیں بلکہ ہم سب کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ سیاسی رہنما، قبائلی مشران، ڈاکٹرز، وکلا، تاجر برادری، اساتذہ، سوشل ورکرز، مذہبی و سماجی شخصیات اور ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ناسور کے خلاف اپنی آواز بلند کرے۔
اگر آج ہم خاموش رہے تو یہ وبا ہر گھر تک پہنچ جائے گی اور ہماری نوجوان نسل کو دیمک کی طرح چاٹتی رہے گی۔ منشیات فروش اسی وقت مضبوط ہوتے ہیں جب معاشرہ خاموش رہتا ہے۔ ہماری خاموشی انہیں مزید بے خوف بنا دیتی ہے اور وہ نوجوانوں کو اپنے مکروہ مقاصد کے لیے استعمال کرتے رہتے ہیں۔آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر منشیات فروشوں کا راستہ روکیں، نوجوانوں کو اس لعنت سے بچائیں اور اپنے معاشرے کو محفوظ بنائیں۔ ہماری آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل اسی میں ہے کہ ہم منشیات کے خلاف ایک مضبوط اور مشترکہ آواز بنیں۔آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے خاندان، اپنے محلے، اپنے شہر اور اپنے ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں، کیونکہ منشیات کے خلاف جنگ صرف ہماری نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں فضل محمد نورزئی




