کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 2 سے 4 جون کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں، کاشتکاروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کوئٹہ، ژوب، شیرانی، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں، جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




