اسلام آباد(اولس نیوز) رکنِ قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی نے قومی اسمبلی کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔ اپنے خطاب میں ملک عادل خان بازئی کا کہنا تھا کہ سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے انہیں ایک لڑکی کا نمبر بھیج کر اس سے ملاقات کرنے کا کہا۔
انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے ڈی سی سے سوال کیا کہ وہ لڑکی سے کیوں ملیں تو جواب دیا گیا کہ “یہ لڑکی آپ کی بہت بڑی فین ہے”۔ ایم این اے کے مطابق جب انہوں نے ملاقات سے انکار کیا تو سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے مبینہ طور پر دھمکی آمیز انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ “تمہارا پلازہ گرا کر میں نے ٹھیک کیا ہے، تمہارے ساتھ یہی ہونا چاہیے۔
”۔ ملک عادل خان بازئی نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں یہ بھی کہا گیا کہ “تمہیں دیکھ لیں گے”۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں مطالبہ کیا کہ اس تمام معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کر کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے لڑکی کا نمبر بھیج کر ملاقات کا کہا، انکار پر دھمکی دی گئی، ملک عادل خان بازئی




