چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی، امارات میں عیدالفطر کی متوقع تاریخ سامنے آگئی

متحدہ عرب امارات (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کی متوقع تاریخ کے حوالے سے فلکیاتی ماہرین نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ اس سال عید غالباً جمعہ 20 مارچ 2026 کو ہو سکتی ہے، تاہم حتمی اعلان چاند نظر آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔

اس وقت دنیا بھر میں رمضان المبارک عقیدت اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے اور لوگ عبادات کے ساتھ ساتھ عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسی دوران مختلف فلکیاتی اداروں کی جانب سے عید کے چاند سے متعلق ابتدائی پیش گوئیاں سامنے آئی ہیں۔

شارجہ کی فلکیاتی اکیڈمی کے مطابق رمضان کے 29ویں دن، بدھ 18 مارچ کو چاند کا نظر آنا ممکن نہیں ہوگا کیونکہ وہ غروبِ آفتاب سے پہلے ہی افق سے نیچے چلا جائے گا، جس کی وجہ سے اسے عام آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

امارات فلکیاتی سوسائٹی کے ایک رکن تمیم التمیمی نے رمضان کے 28ویں روز صبح کے وقت چاند کی تصویر بھی حاصل کی، جو تقریباً صبح 6 بجے افق پر ظاہر ہوا۔ ماہرین کے مطابق یہ رمضان کے آخری دنوں کا چاند ہے۔

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش جمعرات کی صبح ہوگی، تاہم شام تک اس کی عمر بہت کم ہوگی اور اس کا زاویہ ایسا ہوگا کہ اسے دیکھنا انتہائی مشکل ہوگا۔ ان کے مطابق چاند کی موجودگی صرف جدید آلات کی مدد سے محسوس کی جا سکتی ہے۔

ان تمام عوامل کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رمضان کے 30 روز مکمل ہوں گے، یعنی جمعرات 19 مارچ آخری روزہ ہوگا اور جمعہ 20 مارچ کو عیدالفطر منائے جانے کا امکان ہے۔

ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مختلف ممالک میں جغرافیائی اور موسمی حالات کے باعث چاند نظر آنے میں فرق ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے کچھ ممالک میں عید ایک دن بعد، یعنی ہفتہ 21 مارچ کو بھی منائی جا سکتی ہے۔

حکام کے مطابق عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان ہمیشہ کی طرح چاند کی باقاعدہ رویت کے بعد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں