کوئٹہ میں پارکس کی کمی، میٹروپولیٹن نے واحد جگہ بھی بند کر دی

کوئٹہ میٹروپولیٹن جو عوامی ادارہ ہے، اب شہریوں کے لیے دردِ سر بنتا جا رہا ہے۔ شہر میں پہلے ہی بڑے پارکس اور ورزش کے مناسب مقامات کی کمی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو صحت مند سرگرمیوں کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔

ان حالات میں شہر کے وسط میں واقع میٹروپولیٹن کے احاطے میں موجود پارک اور پریکٹس ٹریک شہریوں کے لیے کسی غنیمت سے کم نہیں تھا۔ ہر شام بڑی تعداد میں شہر کے معززین اور عام شہری یہاں واک کرتے، سبزہ زار میں بیٹھ کر سکون حاصل کرتے اور صحت مند ماحول میں وقت گزارتے تھے۔

تاہم ایک افسر کے فیصلے کے بعد اس پارک اور پریکٹس ٹریک پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے باعث شہری ان مثبت سرگرمیوں سے محروم ہو گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں شام کے وقت یہاں باجماعت نماز کا اہتمام بھی کیا جاتا تھا، مگر اس بے جا پابندی کے باعث اب یہ سلسلہ بھی ممکن نہیں رہا۔

عوام نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، میٹروپولیٹن انتظامیہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ شہری دوبارہ واک، عبادت اور صحت مند سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں